تازہ ترین
بنیادی صفحہ / سکواش / چیف آف دی ایئر سٹاف انٹر نیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں مردوں کا ٹائٹل مصر کے کھلاڑی مصطفی اصل نے جبکہ خواتین کا ٹائٹل بھی مصرہی کی کھلاڑی فریدہ محمد نے جیت لیا

چیف آف دی ایئر سٹاف انٹر نیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں مردوں کا ٹائٹل مصر کے کھلاڑی مصطفی اصل نے جبکہ خواتین کا ٹائٹل بھی مصرہی کی کھلاڑی فریدہ محمد نے جیت لیا

اسلام آباد . 5اپریل 2019 (سپورٹس ورلڈ نیوز)چیف آف دی ایئر سٹاف انٹر نیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں مردوں کا ٹائٹل مصر کے کھلاڑی مصطفی اصل نے جبکہ خواتین کا ٹائٹل بھی مصرہی کی کھلاڑی فریدہ محمد نے جیت لیا۔پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام 30ہزار امریکی ڈالر انعامی رقم کے حامل مردوں کے ایونٹ کا فائنل مصر کے کھلاڑیوں مصطفی اصل اور یوسف سلیمان کے درمیان کھیلا گیا ۔اس موقع پر پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان مہمان خصوصی تھے،ان کے ہمراہ سینئر نائب صدر ایئر مارشل شاہد اختر علوی،نائب صدر قمر زمان،سیکرٹری طاہر سلطان،مصر کے سفیراحمد فضل یعقوب،سرینہ ہوٹل کے عزیز بولانی کے علاوہ سکواش کے شائقین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔سرینہ ہوٹل اس ٹورنامنٹ کا مین سپانسر تھا۔مردوں کے فائنل میچ کی پہلی گیم میںیوسف سلیمان نے گیارہ۔آٹھ سے کامیابی حاصل کرکے میچ میں برتری حاصل کرلی،دوسری گیم میں بھی یوسف سلیمان نے اپنے زبردست سٹروک کی بدولت گیارہ۔سات سے کامیابی حاصل کرکے میچ میں اپنی برتری کو مزید مضبوط کر لیا،تیسری گیم میں زخمی ہونے کے باعث اپنا بہتر کھیل پیش کرنے سے قاصر رہے جس کی وجہ سے مصطفی اصل نے تیسری گیم گیارہ۔دو سے جیت کر یوسف سلیمان کی برتری کم کر دی،چوتھی گیم میں بھی مصطفی اصل نے گیارہ۔ایک سے کامیابی حاصل کرکے میچ دو ،دو سے برابر کر دیا،پانچویں اور آخری گیم میں مصطفی اصل اوریوسف سلیمان دونوں کو طبی امدا د دی گئی جس کی وجہ سے میچ کچھ دیر کیلئے رکا رہا،اس وقت سکور چھ۔تین تھا اور یوسف سلیمان کو برتری حاصل تھی،پانچویں اور آخری گیم میں مصطفی اصل نے گیارہ ۔سات سے کامیابی حاصل کرکے مردوں کا ٹائٹل بھی اپنے نام کر لیا ۔مردوں کا فائنل 70منٹ جاری رہا ۔قبل ازیں 10ہزار امریکی ڈالر کے حامل خواتین کے ایونٹ کا فائنل مصر کی کھلاڑی فریدہ محمد اور سوئس کھلاڑی کنڈی مرلو کے درمیان کھیلا گیا ،پہلی گیم میں کنڈی مرلو نے پانچ پوائنٹس کی برتری حاصل کرنے باوجود اپنی برتری قائم رکھنے میں ناکام رہیں اور فریدہ محمدنے اپنے شاندار کھیل کی بدولت پہلی گیم گیارہ ۔آٹھ سے جیت کر میچ میں برتری حاصل کر لی،دوسری گیم میں بھی دونوں کھلاڑیوں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا تاہم کنڈی مرلو کھیل میں واپس آئیں اور اس نے دوسری گیم گیارہ۔نو سے جیت کر مقابلہ ایک،ایک سے برابر کر دیا،تیسری گیم میں بھی زبردست مقابلے کے بعدفریدہ محمد نے گیارہ۔نو سے کامیابی حاصل کرکے ایک بار پھر میچ میں برتری حاصل کرلی،چوتھی گیم فیصلہ کن ثابت ہوئی اور فریدہ محمد نے شاندار سٹروک کی بدولت چوتھی گیم میں گیارہ۔پانچ سے کامیابی حاصل کرکے خواتین کا ایونٹ بھی اپنے نام کر لیا۔یہ میچ33منٹ جاری رہا۔آخر میں مہمان خصوصی ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے مردوں کے ایونٹ کے فاتح مصر کے کھلاڑی مصطفی اصل کو ونر ٹرافی اور 3881امریکی ڈالر کیش پرائز ، مصر ہی کے یوسف سلیمان کو رنر اپ ٹرافی اور 2451امریکی ڈالر کیش پرائز سے نوازا جبکہ خواتین کے ایونٹ کی فاتح مصر کی کھلاڑی فریدہ محمد کو ونر ٹرافی اور 1625امریکی ڈالر جبکہ سوئس کھلاڑی کنڈی مرلو کو رنر اپ ٹرافی اور 1026امریکی ڈالر کیش پرائز سے نوازا۔اس موقع پر ایئر مارشل شاہد اختر علوی نے مجاہد انور خان کو جبکہ مجاہد انور خان نے قمر زمان اور عزیز بولانی کو یاد گاری شیلڈ زپیش کیں۔