تازہ ترین
بنیادی صفحہ / کرکٹ / ورلڈ کپ میں بابراعظم، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، شاداب خان، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی اہم کھلاڑی ہونگے۔ سرفراز احمد

ورلڈ کپ میں بابراعظم، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، شاداب خان، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی اہم کھلاڑی ہونگے۔ سرفراز احمد

اسلام آباد -12 اپریل 2019 (سپورٹس ورلڈ نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں بابراعظم، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، شاداب خان، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی اہم کھلاڑی ہونگے۔ آئی سی سی ورلڈکپ 30 مئی سے انگلینڈ میں شروع ہو رہا ہے جس کیلئے قومی سکواڈ کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور 15 سے 16 اپریل تک فٹنس ٹیسٹ لئے جانے کے بعد 15 رکنی حتمی سکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔ سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ مجھ سمیت بابراعظم، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، شاداب خان، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی اہم کھلاڑی ہوں گے کیونکہ یہ تمام کھلاڑی ورلڈکپ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فٹنس ٹیسٹ کے بعد سلیکشن کمیٹی، کوچز اور میں میٹنگ میں بیٹھیں گے اور 2 سے 3 کھلاڑیوں سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا جس کے بعد ہی سکواڈ مکمل ہو گا اور اس کا باقاعدہ اعلان بھی کیا جائے گا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا مذید کہنا تھا کہ جو ہو گیا، سو ہوگیا اب میں قوم سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ہمارے لئے دعا کریں اور ہم ورلڈکپ میں اپنی صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فٹنس ٹیسٹ کے بعد جب سلیکشن کمیٹی کیساتھ بیٹھیں گے تو دو سے تین کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے جس کے بعد ہمارا سکواڈ مکمل ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کیساتھ بہت اچھا تعلق ہے جنہوں نے مجھے کہا ہے کہ ٹیم پر توجہ دو، باقی سب میں دیکھ لوں گا۔ مکی آرتھر فرنٹ پر آتے ہیں اور تمام بیرونی دباﺅ برداشت کرتے ہیں تاکہ ٹیم اور کپتان اپنے کام پر دھیان دے سکے اور میں گراﺅنڈ کے اندر معاملات کو دیکھتا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی قیادت آسان کام نہیں ہے بالخصوص ایشین ٹیموں کی کپتانی بالکل بھی آسان نہیں ہوتی کیونکہ نان ایشین ٹیموں میں وہ کپتان اور پھر ٹیم کا انتخاب کرتے ہیں اور خراب کارکردگی کے باوجود بھی اس میں ایک سے دو سال تک تبدیلی نہیں آتی لیکن ایشین ٹیم کا کپتان ہونے کے ناطے ایک یا دو میچ ہارنے پر ہی آپ کیلئے مسائل کھڑے ہو جاتے ہیں۔