تازہ ترین
بنیادی صفحہ / کرکٹ / قومی کر کٹ ٹیم مینجمنٹ نے اپنی اعلان کردہ تاریخ سے قبل ہی آئی سی سی ورلڈکپ 2019ء اور دورہ انگلینڈ کیلئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کا آغاز کر دیا گیا

قومی کر کٹ ٹیم مینجمنٹ نے اپنی اعلان کردہ تاریخ سے قبل ہی آئی سی سی ورلڈکپ 2019ء اور دورہ انگلینڈ کیلئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کا آغاز کر دیا گیا

لاہور-12 اپریل 2019 (سپورٹس ورلڈ نیوز) آئی سی سی ورلڈکپ 2019ء اور دورہ انگلینڈ کیلئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) لاہور میں آغاز کر دیا گیا ہے۔ پی سی بی نے فٹنس ٹیسٹ کیلئے 15 اور 16 اپریل کا باقاعدہ اعلان کر رکھا تھا مگر کھلاڑیوں کی زیادہ تعداد کے پیش نظرآج سے ٹیسٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی سکواڈ کیلئے ممکنہ 23 کھلاڑیوں میں سے جو کھلاڑی پہلے فٹنس ٹیسٹ دینے کے خواہشمند ہیں، ان کے ٹیسٹ لینے کا آغاز کردیا گیا ہے اور اب تک بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، حارث سہیل، فہیم اشرف، محمد عباس، شاداب خان ، محمد حسنین اور عابد علی فٹنس ٹیسٹ دے چکے ہیں جبکہ فاسٹ باﺅلر محمد عامر، عماد وسیم، امام الحق، کل فٹنس ٹیسٹ دیں گے، قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی آج شام تک این سی اے میں رپورٹ کردیں گے تاہم وہ 15 اپریل کو فٹنس ٹیسٹ دیں گے۔
ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن، فزیو کلف ڈکن اور ٹرینر گرانٹ لوڈن پر مشمل ٹیم فٹنس ٹیسٹ لے رہی ہے اور اس دوران جو کرکٹر 17.4 کے بنچ مارک تک نہ پہنچ پائے وہ 15 اپریل تک دوبارہ ٹیسٹ دے سکتا ہے، اب تک صرف دو کرکٹرز عابد علی اور محمد حسنین ہی ہیں جو مطلوبہ ہدف سے معمولی سے پیچھے رہے ہیں، اس لئے یہ دونوں کھلاڑی ہفتے کو دوبارہ ٹیسٹ دیں گے۔ فاسٹ باﺅلر محمد عامر کیلئے یہ فٹنس ٹیسٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وہ ان دنوں بھرپور ٹریننگ کرنے میں مصروف ہیں تاکہ میگاایونٹ سے پہلے بھرپورفٹنس اور ردھم حاصل کرسکیں۔ محمد عامر ایک بار پھر سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ کا دل جیتنے کیلئے پرعزم ہیں۔