تازہ ترین
بنیادی صفحہ / ٹینس / تازہ ترین عالمی ٹینس رینکنگ، جوکووچ مینز اور ناءومی اوساکا ویمنز سنگلز میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان

تازہ ترین عالمی ٹینس رینکنگ، جوکووچ مینز اور ناءومی اوساکا ویمنز سنگلز میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان

پیرس ۔ 13 مئی 2019 (سپورٹس ورلڈ نیوز) نوویک جوکووچ اور ناءومی اوساکا انٹرنیشنل ٹینس کی تازہ ترین اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے رینکنگ میں مینز اینڈ ویمنز سنگلز میں بدستور ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہیں ، سٹسپاس سٹیفانوس 2 درجے ترقی پا کر کیریئر بہترین ساتویں نمبر پہنچ گئے، میڈرڈ اوپن چیمپئن کیکی برٹنز نے کیریئر بہترین چوتھی پوزیشن حاصل کر کے ہائسٹ رینکڈ ڈچ کھلاڑی ہونے کا اعزاز پا لیا ۔ پیر کو اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی کے تحت مینز سنگلز میں جوکووچ بدستور سرفہرست ہیں ، نڈال دوسرے اور راجر فیڈرر تیسرے نمبر پر موجود ہیں ، ڈومنک تھیم ایک سیڑھی چڑھ کر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے، انہوں نے الیگزینڈر زیوریف کو پانچویں پوزیشن پر دھکیل دیا، کائی نیشکوری ایک درجہ اوپر چڑھ کر چھٹے نمبر پر آگئے جبکہ سٹیفانوس کی ترقی کا تسلسل جاری ہے اور وہ دو سیڑھیاں چڑھ کر ساتویں نمبر پر آ گئے، دوسری جانب ویمنز سنگلز میں جاپانی کھلاڑی ناءومی اوساکا بدستور سرفہرست ہیں ، سیمونا ہالپ اور اینجلیق کربر ایک، ایک درجہ اوپر چڑھ کر دوسرے اور تیسرے نمبر پر پہنچ گئیں ، ہالینڈ کی کیکی برٹنز میڈرڈ اوپن ٹاءٹل جیت کر تین درجے ترقی پا کر کیریئر بہترین چوتھے نمبر پر آ گئیں ، پیٹرا کویٹووا تین درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلی گئیں ، بلینڈا بینسک تین درجے بہتری کے بعد 15ویں نمبر پر آ گئیں ۔