تازہ ترین
بنیادی صفحہ / ٹینس / ٹینس : سربیا کے عالمی نمبر ون نوویک جوکووچ نے میڈرڈ اوپن مینزجبکہ ہالینڈ کی کھلاڑی کی کی برٹنز نے میڈرڈ اوپن ویمنز سنگل ٹائیٹل اپنے نام کر لیا

ٹینس : سربیا کے عالمی نمبر ون نوویک جوکووچ نے میڈرڈ اوپن مینزجبکہ ہالینڈ کی کھلاڑی کی کی برٹنز نے میڈرڈ اوپن ویمنز سنگل ٹائیٹل اپنے نام کر لیا

میڈرڈ ۔ 13 مئی 2019( سپورٹس ورلڈ نیوز ) سربیا کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ نے میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا ۔ انہوں نے فائنل میں یونانی کھلاڑی سٹیفانوس سٹسپاس کو ہرا کر تیسری مرتبہ ٹاءٹل اپنے نام کرلیا ۔ سپین میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز فائنل میں سٹار سربین کھلاڑی اور عالمی نمبر ایک جوکووچ کا مقابلہ یونانی کھلاڑی سٹیفانوس سٹسپاس سے تھا ۔ دونوں کھلاڑیوں میں زبردست مقابلہ رہا تاہم سربین کھلاڑی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یونانی کھلاڑی سٹیفانوس کو سٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-4 سے ہرا کر تیسری مرتبہ ٹائیٹل اپنے نام کرلیا ۔ اس سے قبل سٹسپاس سٹیفانوس نے اسپینش کھلاڑی رافیل نڈال کو سیمی فائنل میں شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی ۔ ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جوکووچ نے کہا کہ وہ اپنی اس کامیابی پر بہت خوش ہیں اور وہ مستقبل میں بھی اپنی فتوحات کے سلسلے کو جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں ۔

جبکہ ہالینڈ کی سٹار کھلاڑی کیکی برٹنز نے میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگل ٹاءٹل اپنے نام کر لیا ۔ انہوں نے فیصلہ کن معرکے میں سیمونا ہالپ کو شکست دے کر کیریئر کا نواں ڈبلیو ٹی اے ٹاءٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ۔ فائنل میں شکست کی وجہ سے ہالپ عالمی درجہ بندی میں دوبارہ ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے میں بھی ناکام رہیں ۔ سپین میں جاری ایونٹ میں گزشتہ روز کھیلے گئے ویمنز سنگل فائنل میں کیکی برٹنز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رومانوی کھلاڑی سیمونا ہالپ کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-4 سے ہرا کر ٹاءٹل اپنے نام کیا، اس کے علاوہ وہ پورے میڈرڈ اوپن ٹورنامنٹ میں سیٹ ہارے بغیر چیمپئن بننے والی پہلی خاتون کھلاڑی بھی بن گئی ہیں ۔