تازہ ترین
بنیادی صفحہ / ہاکی / ملکی سیاست کی طرح ہاکی فیڈریشن پر قابض مافیا کے گرد بھی گھیرا تنگ ہونے کو ہے ، جلد پی ایچ ایف میں بیٹھا ہواکرپٹ مافیا بھی سلاخوں کے پیچھے ہوگا : اولمپین نوید عالم

ملکی سیاست کی طرح ہاکی فیڈریشن پر قابض مافیا کے گرد بھی گھیرا تنگ ہونے کو ہے ، جلد پی ایچ ایف میں بیٹھا ہواکرپٹ مافیا بھی سلاخوں کے پیچھے ہوگا : اولمپین نوید عالم

لاہور ۔ 11 جون 2019 (سپورٹس ورلڈ نیوز) اولمپین نوید عالم نے کہا ہے کہ ملکی سیاست کی طرح ہاکی فیڈریشن پر قابض مافیا کے گرد بھی گھیرا تنگ ہونے کو ہے اور وہ دن دور نہیں جب پی ایچ ایف میں بیٹھا ہواکرپٹ مافیا بھی اپنے کئے کا حساب چکانے کے لئے سلاخوں کے پیچھے ہوگا،سابق ورلڈ چیمپین و اولمپین نوید عالم سپورٹس ورلڈ پی کے ڈاٹ کام سے فون پرخصوصی گفتگو کر رہے تھے ۔ نوید عالم کا کہنا تھا کہ اب ظہرانو اور نذرانوں کا دور گذر گیا ہے ملک میں عمران خان حکمران ہیں جو اپنے وعدہ کے مطابق بڑے بڑے مگر مچھوں سے انکے کرتوتوں کا حساب لینے کے لئے چٹان کی مانند کھڑے ان سے حساب لے رہے ہیں ایسے میں قومی کھیل ہاکی کو تباہ کرنے والے بھی اپنی خیر منائیں کیونکہ اب انہیں بھی حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ملنے والے فنڈز کی ایک ایک پائی کا حساب دینا ہوگا ۔ نوید عالم کا کہنا تھا کہ غیر آئینی سیکر ٹری پی ایچ ایف خود کو پی ٹی آئی کا ظاہر کر کے عوام اور حکومتوں اہلکاروں کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ان کی اطلاع کے لئے عرض ہے کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ پی ٹی آئی کا ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد حثیت سے الیکشن لڑ کر پانچ ہزار ووٹ لےنے والے اس شخص کی وجہ سے ہی پی ٹی آئی سیالکوٹ کی ایک سیٹ صرف تین ہزار ووٹوں سے ہار گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف کے ےہ غیر آئینی سیکر ٹری جو اب خود کو پی ٹی آئی کا راہنما ظاہر کررہے ہیں نے اگر اُس وقت وزیر اعظم عمران خان کا حکم مانا ہوتا تو پی ٹی آئی سیالکوٹ کی یہ سیٹ ہرگز نہ ہارتی ۔ نوید عالم کا کہنا تھا کہ مفاد پرست اور موقع پرست لوگ مفاد پرست اور موقع پرست ہی ہوتے ہیں وہ سیاست میں ہوں یا کھیل میں ۔
چیمپین نوید عالم کامذید کہنا تھا کہ اولپینز فورم کسی ایک فرد کا نہیں پاکستان ہاکی کے لیجنڈز پر مشتمل ایک ایسے گروپ کا نام ہے جو قومی کھیل ہاکی کو اسکے قابضین سے چھڑانے کے لئے نکلا ہے،اس فورم کا نہ تو کوئی سربراہ تھا اور نہ کوئی سربراہ ہے ۔ یہ فورم باہمی مشاورت سے کام کرتا ہے ۔ ہاکی کو قابضین سے چھڑانے کے لئے ہمارے نظریہ سے متفق ہو کرجو بھی ہاکی سٹار یا ہاکی لور اس میں آتا ہے ہم اسے خوش آمدید کہتے ہیں اور آئندہ بھی کہیں گے اور جو کوئی جانا چاہےگا ۔ اسکی اپنی مرضی اسے ہم روکتے نہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں نوید عالم کا کہنا تھا کہ اللہ کا ایک نظام ہے جسکے تحت بظاہر بڑے ناموں والے اپنی چھوٹی حرکتوں کی وجہ سے دنیا میں آشکار ہو جاتے ہیں اور چھوٹے نام والے اپنی ثابت قدمی اور ایمان کی طاقت کی بدولت بڑے قد کے بن جاتے ہیں ۔