تازہ ترین
بنیادی صفحہ / آف دی فیلڈ /انٹرٹیمینٹ / سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے انتخابات مکمل عارف حفیظ صدر اور ریحانہ آصف سیکرٹری منتخب

سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے انتخابات مکمل عارف حفیظ صدر اور ریحانہ آصف سیکرٹری منتخب

کراچی -10 جولائی 2019 (سپورٹس ورلڈ نیوز) سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کا اجلاس گزشتہ روز گلشن اقبال کراچی میں منعقد ہوا اجلاس میں ایجنڈے کی منظوری کے ساتھ ساتھ اگلے چار سال کیلئے الیکشن بھی ہوئے۔ سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے انتخابات پاکستان کھو کھو فیڈریشن کے صدر شبیر احمد اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری احمد علی راجپوت کے زیر نگرانی ہوئے جبکہ نوشاد احمد خان نے الیکشن کمشنر کی حیثیت سے شرکت کی ۔بلوچستان کھو کھو ایسوسی ایشن کے عطا اللہ کاکڑ اور میرپورخاص کے اختر ملک نے اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی ۔
اجلاس کے دوران کراچی کھو کھو ایسوسی ایشن کے سیکرٹری طارق خان نے پینل پیش کیا جسے تمام ڈویژن کے نمائندوں نے بلا مقابلہ منتخب کرلیا ۔ منتخب ہونے والوں میں عارف وحید خان چیئرمین ،ڈاکٹر محمد عارف حفیظ صدر ،شبیر احمد سینئر نائب صدر ،وسیم حیدر جعفری اور اسرا کیریو نائب صدور ،ریحانہ آصف سیکرٹری ،طارق خان خزانچی ،محمد رضوان اور زلیخا زرداری ایسوسی ایٹ سیکریٹریز ،جبکہ عبدالباسط اور امتیاز احمد شیخ ممبرز منتخب ہوئے ۔اس موقع پر پاکستان کھو کھو فیڈریشن کے سیکرٹری شبیر احمد نے کہا کہ ہماری ٹیم نے ساوتھ ایشن گیمز میں اچھا کھیل پیش کیا تھاانہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے نومنتخب عہدیداران کھیل کے فروغ کیلئے اہم کردارادا کریں گے ۔ احمد علی راجپوت نے نئے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کا تعاون ہر طرح سے آپ کے ساتھ ہوگا ۔نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف حفیظ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم پاکستان کھو کھو فیڈریشن کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے ۔عارف حفیظ کا کہنا تھا کہ ہم سندھ بھر میں کھو کھو کے فروغ کیلئے کام کریں گے اور گراس روٹ لیول پر کھیل کو فروغ دینے کیلئے تعلیمی اداروں میں بھی ایونٹس کا انعقاد کریں گے ۔ نو منتخب چیئرمین عارف وحید نے کہا کہ کھو کھو کا کھیل بھی ساوتھ ایشیا بلکہ دوسرے ملکوں میں بھی تیزی سے مقبول ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ میں تمام ڈویژن کے نمائندوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کے انہوں نے مجھے چیئرمین منتخب کیا ۔آخر میں نو منتخب سیکرٹری ریحانہ آصف نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کامیاب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی ۔