تازہ ترین
بنیادی صفحہ / کرکٹ / ورلڈ کپ کر کٹ 2019 فائنل ٹاکرا، نیوزی لینڈ کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

ورلڈ کپ کر کٹ 2019 فائنل ٹاکرا، نیوزی لینڈ کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

لارڈز – 14 جولائی 2019 (سپورٹس ورلڈ نیوز) لاڈز کے تاریخی گراونڈ میں میزبان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جارہے ورلڈ کپ کر کٹ 2019 کے فائنل مقابلے کے لیئے ہونے والے ٹاس میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان ولیم سن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے.
ٹاس جیتنے کے بعد سابق برطاانوی کپتان و کمینٹیٹر ناصر حسین سے گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان ولیم سن کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹا س جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ وکٹ کی کنڈیشن دیکھ کر کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم کی کوشش ہوگی کہ اس میچ کو جیتنے کے لئے پہلے کھیلتے ہوئے بڑا سکور کرے تاکہ وہ میچ جیت سکے. ولیمسن کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ جیتنے کیلئے ہر حد تک جائیں گے، ہمیں فیورٹ قرار نہیں دیا جارہا یہی ہمارے لیے بہتر ہے، ہمیں اپنی قابلیت کا علم ہے لیکن کسی خوش فہمی میں مبتلا ہونے کے بجائے اچھی کرکٹ کھیلیں گے، جیت کی گارنٹی نہیں دے سکتے لیکن جیت کیلئے سردھڑ کی بازی لگادیں گے۔

ہوم آف کرکٹ لارڈز میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ فائنل میں اوئن مورگن کی قیادت میں میزبان انگلینڈ ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے، فائنل کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں اور شائقین میں زبردست جوش وخروش پایا جارہا ہے۔ دونوں ٹیموں نے اس سے قبل کبھی ورلڈ کپ نہیں جیتا ہے اس لئے آج جو بھی جیتے گا ،وہ کرکٹ کا نیا چیمپئن بنے گا ،انگلینڈ اب تک 3 ورلڈ کپ کے فائنل کھیل چکا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کا یہ لگاتار دوسرا فائنل ہوگا۔
لارڈز میں1979میں انگلینڈ کو فائنل میں ویسٹ انڈیز نے شکست دی تھی جبکہ 1992کے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے کر ورلڈ کپ جیتا تھا۔ انگلینڈ کی ٹیم 1992 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کے فائنل میں شرکت کررہی ہے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو اب تک کھیلے گئے 90 میچوں میں سے 43 میں شکست دے رکھی ہے، جبکہ ورلڈ کپ مقابلوں میں بھی نیوزی لینڈ کا پلڑہ بھاری رہا ہے۔
موجودہ ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے 3 جولائی کو راؤنڈ روبن مرحلے کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 119 رنز سے فتح حاصل کر کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کی تھی۔
فائنل میں سری لنکا کے دھرما سینا کے ہمراہ جنوبی افریقہ کے میراس ایراسمس امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں، آسٹریلیا کے روڈ ٹکر تھرڈ امپائر اور ریزرو امپائر پاکستان کے علیم ڈار ہیں، میچ ریفری سری لنکا کے رنجن مدوگالے ہیں۔